اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوادر میں بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ائیرپورٹ تعمیر کرنے پر ہم عظیم دوست چین کے شکر گزار ہیں جبکہ وزیر اعظم کو بتایا گیا ہے کہ گوادر سے مسقط کے لئے پروازوں کا آغاز آئندہ سال 10 جنوری سے ہو جائے گا،پاکستان کی نجی ائیر لائینز،چین،اومان اور متحدہ عرب امارات کی ائیر لائینز سے گوادر سے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے متعلق امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ گوادر کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ چین ۔پاکستان عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے،بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ائیرپورٹ تعمیر کرنے پر ہم عظیم دوست چین کے شکر گزار ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے فعال ہونے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ایک مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے کے حوالےسے قابل عمل حکمت عملی ترتیب دی جائے۔وزیراعظم نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ملک خصوصاً صوبہ بلوچستان کے دیگر علاقوں کے درمیان رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر بنانے اور نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آپریشنلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے،گوادر ائیر پورٹ اے۔380 ہوائی جہازوں کو ہینڈل کر سکتا ہے جبکہ ائیرپورٹ سے4 لاکھ مسافر سالانہ سفر کر سکیں گے،پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ایرو ڈروم سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان کسٹمز نے بھی اس ائیر پورٹ کو نوٹیفائی کر دیا ہے۔بریفنگ میں کہا گیا کہ ائیرپورٹ پر پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی ، ائیر پورٹ سکیورٹی فورس، پاکستان کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، وفاقی تحقیقاتی ادارے سمیت بارڈر ہیلتھ سروس کا عملہ تعینات کیا جا چکا ہے،پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائینز کی کراچی اور گوادر کے لئے موجودہ فلائیٹ آپریشن کے دورانیے کو جلد ہی ہفتے میں تین بار کیا جائےبریفنگ میں بتایا گیا کہ گوادر سے مسقط کے لئے پروازوں کا آغاز اگلے سال 10 جنوری سے ہو جائے گا،پاکستان کی نجی ائیر لائینز ، چین ، اومان اور متحدہ عرب امارات کی ائیر لائینز سے گوادر سے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے،ائیرپورٹ پر کولڈ سٹوریج ، وئیر ہائوسز ، کورئیر سروسز کی سہولیات ، کارگو شیڈز ، تکنیکی گرائونڈ سپورٹ آلات ، فیول فارمز، ہوٹلز اور شاپنگ مالز کی لئے جگہ مختص کی گئی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایئرپورٹ پر بینک برانچز کے قیام اور اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے رجسٹرڈ تمام بینکوں سے رابطہ کیا گیا ہے،گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بذریعہ سڑک رابطہ بہتر بنانے کے حوالے سے ایسٹ ۔بے ایکسپریس وے کا پہلا حصہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے حصے کی فزیبلٹی تیار کی جا رہی ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر نجکاری ، سرمایہ کاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔