اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ پولیو ورکرز کی سکیورٹی کو کسی طور پر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا،اس سلسلے میں تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں،بدقسمتی سے پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے جس کے لئے اور زیادہ مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم سے انسداد پولیو ٹیم نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق ، وفاقی سیکرٹری قومی صحت ندیم محبوب ،نیشنل کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر انوار الحق ، عالمی ادارہ صحت کے ڈپٹی نیشنل ٹیم لیڈر ڈاکٹر صوغائر اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے سینئر ایڈوائزر ڈاکٹر محمد صفدر شامل تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کو ۔چیئر بل اینڈ میلینڈا گیٹس فائونڈیشن بل گیٹس نے مجھے خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں جاری انسداد پولیو مہم اور اس مہم کے لئے کام کرنے والے تمام انسداد پولیو ورکرز کی شبانہ روز محنت تعریف کی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بل گیٹس فائونڈیشن اور تمام ملکی و بین الاقوامی شراکت داروں کے مشکور ہیں جن کی حمایت اور تعاون کی بدولت پاکستان میں صحت کے شعبے میں اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ صحت کے تمام شعبوں بشمول انسداد پولیو میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھایا جا رہا ہے تاکہ صحت عامہ اور دیکھ بھال کی نگرانی کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے اور بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران متعلقہ افراد کے پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے دوروں کا منظم روسٹر ترتیب دیا جائے تاکہ ان مہمات کو اور زیادہ نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، جس کے لئے اور زیادہ مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کی سکیورٹی کو کسی طور پر انداز نہیں کیا جا سکتا اور اس سلسلے میں تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔وزیر اعظم کوانسداد پولیو کی حالیہ مہم اور اس کے نتائج پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی افراد کی مدد سے انسداد پولیو تحریک کو کامیاب بنایا جا رہا ہے۔