راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا ہے کہ امریکی غلامی نامنظور اور ایبسلوٹلی ناٹ کا نعرہ لگانے والے آج اس کے پائوں پکڑ رہے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، پی ٹی آئی کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ذمہ دارانہ پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، ترسیلات زر 21 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہیں اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پہلی بار سرپلس ہو گیا ہے، شرح سود 13 فیصد تک پہنچ گیا اور اسے سنگل ڈیجیٹ کریں گے، انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور سرمایہ کاری بھی آئی ہے، ملک میں آہستہ آہستہ معاشی استحکام آیا ہے اور پوری دنیا اب پاکستان پر اعتبار کر رہی ہے، لیگی رہنما نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے ملکی معیشت 8 ماہ کے دوران مسلسل بہتری کی طرف گامزن ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، ملک میں معاشی استحکام آیا ہے تو سول نافرمانی کی باتیں کی جا رہی ہیں، کچھ لوگ اقتدار کی خاطر ملک پر حملہ آور ہونا چاہتے تھے، فائنل کال کر کے پاکستان کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کی ناکام کوشش کی گئی۔حنیف عباسی نے کہا کہ ان لوگوں نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سامنے احتجاج کئے، پاکستان کو امداد نہ دینے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ کو خطوط لکھے گئے اور لابنگ فرمز ہائر کر کے پاکستان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی، پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر ملک کے خلاف مذموم مہم چلا رہی ہے، 26 نومبر کو خون کی ہولی کھیلنے کا منصوبہ تھاتاہم موجودہ حکومت نے مربوط حکمت عملی سے پورے معاملے کو ہینڈل کیا ، انہوں نے کہا کہ جو ایبسلوٹلی ناٹ اور امریکی غلامی نامنظور کے نعرے لگاتے تھے وہ آج اقتدار کے لیے ان کے پاؤں پکڑ رہے ہیں، آپ سفارتی تعلقات خراب کرنے کے لیے ٹوئٹر کا استعمال کرتے ہیں، فیک نیوز کے ذریعے انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطہ کیا جاتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات رکھنے کا خواہاں ہے، پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔