کابل( مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان میں طالبان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ مقامی سطح پر ریل کا انجن تیار کرلیا گیا ہے اور جلد ہی اس کو مقامی ریلوں پر نصب کردیا جائے گا۔غیرملکی خبر ایجنسی انادولو کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ نیشنل ڈیولپمنٹ کمپنی نے مقامی سطح پر ریل کا انجن تیار کرلیا ہے اور ریلوے انجن کی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں تین بوگیاں لگی ہوئی ہیں۔ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ملک کی نیشنل ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے پہلی دفعہ ایک ریل تیار کی ہے، زیر تعمیر ریلوے ٹریک کی تکمیل کے ساتھ افغانستان مقامی سطح پر تیار اپنی ریل چلائے گا۔افغانستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق کابل میں افغانستان اور قازقستان کے اعلی حکام کے درمیان ملاقات ہوئی اور ریلوے کے شعبے میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔