لاڑکانہ۔(نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تحصیل رتوڈیرو میں واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی ہماری ترجیح ہے ۔پاکستان کے عوام سیاسی استحکام، سلامتی اور جائز مطالبات پر حکومت کا ساتھ دیں گے، ہم نے ہر دور میں لوگوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ ایٹمی اور میزائل ٹیکنالوجی کی وجہ سے پاکستان آج جغرافیائی طور پر محفوظ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفادات کسی کی بھی سیاست سے بالاتر ہیں، پاکستانی عوام جانتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کارکنان سے لے کر لیڈروں تک کی جماعت ہے، وہ شہادت قبول کرتے ہیں لیکن اصولوں پر سودے بازی نہیں کرتے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت اور پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ سی ای سی کے سامنے حکومت کے ساتھ بات چیت کی جائے اور مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے، انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہماری اس ذمہ داری کو پورا کرنے کی کوشش ہے جو ہر فرد کی بنیادی ضرورت ہے، لوگوں تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو اہمیت دی ہے، انہوں نے اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی تنظیم اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گزشتہ روز شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی پر ایک تاریخی جلسہ میں بڑی تعداد میں شرکت کی، پاکستانی عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ آج بھی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ ہیں، ہم ان کے نظریے پر آگے بڑھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام مسائل کے حل کے لیے اپنے سیاسی رہنماؤں کی طرف دیکھ رہے ہیں ، ہم نے ہمیشہ کم وسائل استعمال کر کے عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صوبوں کو ان کے حقوق ملیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا کیونکہ سنجیدہ بات چیت کے ذریعے صوبوں کے اعتراضات کو دور کیا جا سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جماعت یک طرفہ فیصلہ لینے کے حق میں نہیں ہے، ایک ساتھ دیگر جماعتوں کی رائے لینے کے بعد ہم انہیں ایک بہتر تجویز دے سکتے ہیں، ماضی کی حکومتوں میں ہمیں اپنے حقوق نہیں ملے لیکن ہم نے اپنے پیسوں سے منصوبے شروع کیے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کئی منصوبے بھی شروع کیے، ہم معیشت کی بہتری اور مہنگائی میں کمی اور مثبت اعدادوشمار کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔انہوں نےکہا کہ یہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کا دور ہے، انٹرنیٹ کی سست رفتاری سے روزمرہ زندگی میں بعض مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔ہمیں ای کامرس کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے،انٹرنیٹ کا تعلیمی اور معاشی فائدہ بھی ہے،مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کرنے اور انفراسٹرکچر کو مناسب طور پر ترقی دینے کی ضرورت ہے۔