اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے انسٹا کیئر کے سی ای او بلال امجد نے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات کے موقع پر صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے کردار کو فروغ دینے اور پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شزہ فاطمہ خواجہ نے انسٹا کیئر کی کامیابیوں کو پاکستان کے لیے ایک روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسٹا کیئر نے اپنی جدت اور عزم کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ ٹیکنالوجی انسانی زندگیوں کو بہتر بنانے میں کس قدر اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ان کا سفر ایک مثالی کہانی ہے جو دوسرے اداروں اور نوجوان کاروباری افراد کے لیے مشعل راہ ہے۔بلال امجد نے انسٹا کیئر کے مستقبل کے اہداف پیش کرتے ہوئے صحت کے نظام کو جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری پر زور دیا تاکہ ہر پاکستانی کو بہتر اور آسان صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔شزہ فاطمہ خواجہ نے انسٹا کیئر کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے والے ایسے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرے گی۔ انہوں نے انسٹا کیئر جیسے اداروں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جدید حل نہ صرف صحت کے شعبے میں انقلاب لا رہے ہیں بلکہ قومی ترقی کی رفتار کو بھی تیز کر رہے ہیں۔یہ ملاقات حکومت کے اس عزم کی عکاس ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کو جدید اور بہتر بنایا جائے، تاکہ ہر پاکستانی کو معیاری زندگی فراہم کی جا سکے۔ڈی سی او (ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن) ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، رکن ممالک کے درمیان تعاون، اور ٹیکنالوجی کے ذریعے عالمی ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔ اس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک شامل ہیں جو ڈیجیٹلائزیشن کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں۔