اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سمارٹ میٹرز کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلنگ کے نظام میں شفافیت لائی جا سکے، اوور بلنگ کسی طور قابل قبول نہیں ہے، اوور بلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم آفس پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہےکہ بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، وزیراعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی کے عمل میں سست روی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انتہائی شفاف عمل کے ذریعے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کی تعیناتی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے، تقسیم کار کمپنیوں میں افرادی قوت کی بھرتی میرٹ پر کی جائے اور بھرتیوں کے عمل میں شفافیت پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ نیپرا کے دیئے گئے ٹارگٹ کے حصول کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اجلاس کے دوران لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے امور کا جائزہ لیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق اجلاس کو لیسکو، پیسکو اور فیسکو کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مالی سال 25۔2024 میں نومبر تک لیسکو کی ریکوری 96.82 فیصد، پیسکو کی ریکوری 87.98 فیصد اور فیسکو کی ریکوری 97.57 فیصد رہی ہے۔ مالی سال 25۔2024 میں نومبر تک ٹرانسمشن اور ڈسٹری بیوشن لاسز کے حوالے سے لیسکو 13.04 فیصد، پیسکو 33 فیصد جبکہ فیسکو 6.01 فیصد ہے۔ بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ لیسکو نے 223365 تھری فیز سمارٹ میٹرز تنصیب کرنے ہیں جن میں سے 49470 کی تنصیب ہو چکی ہے اسی طرح پیسکو نے 152559 سمارٹ میٹرز کی تنصیب کرنی ہے جن میں سے 51173 کی تنصیب ہو چکی ہے جبکہ فیسکو نے 192311 سمارٹ میٹرز کی تنصیب کرنی ہے جن میں سے 11276 کی تنصیب ہو چکی ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لیسکو ، پیسکو اور فیسکو کے صارفین کو شکایت کے ازالے اور دیگر خدمات کے حوالے سے کال سینٹرز، ای میلز، ویب سائٹس، انٹریکٹو وائس رسپانس، نیپرا کی موبائل اور ویب سروسز کی سہولیات حاصل ہیں۔ مزید برآں بجلی کی ترسیل کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایات کے حوالے سے ہیلپ لائن 118 کی تمام موبائل فون آپریٹرز سے مفت رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مالی سال نومبر تک لیسکو نے 99.2 فیصد، پیسکو نے 99.9 فیصد اور فیسکو نے 99.7 فیصد تک شکایات حل کیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی ۔