اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید جمہوریت کی علمبردار، مکالمے اور مفاہمت کی مضبوط حامی اور ہمت اور استقامت کی علامت تھیں۔جمعہ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے 17 ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم بے نظیر بھٹو کی شہادت کی 17ویں برسی منا رہے ہیں۔ جمہوریت کی علمبرداراور سیاسی عمل میں مکالمے اور مفاہمت کی مضبوط حامی، بے نظیر بھٹو، ہمت اور استقامت کی علامت بنیں۔ انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت، جس پر بے نظیر بھٹو اور میاں نواز شریف کے درمیان دستخط ہوئے، ان کی پائیدار سیاسی سمجھ بوجھ کا ثبوت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں ان کے خاندان، خاص طور پر صدرمملکت آصف علی زرداری،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کے پیروکاروں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو فخر کے ساتھ ان کے وژن اور ان کے نظریات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔