لاڑکانہ۔ (نمائندہ خصوصی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو ان کے 17ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کی جدوجہد اور زندگی کا قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن سے گہرا تعلق تھا۔جمعہ کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹوصرف ایک سیاسی شخصیت بلکہ عالمی سطح کی لیڈر تھیں ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بی بی شہید اپنے والد کی طرح فہم و فراست کی مالک ، مشاورت اور مختلف نقطہ نظر رکھتی تھیں ۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی فلسفیانہ فکر نے ایک جدید اور روشن پاکستان کی بنیاد رکھی۔بی بی شہید نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں ہر شہری کو یکساں مواقع اور وسائل حاصل ہوں اور ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفہ انسانی آزادی اور جمہوری اقدار پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر سمیت بین الاقوامی مسائل پر بی بی شہید کا وژن جمہوریت اور آئینی حکمرانی کے رہنما اصولوں کے طور پر جاری رہے گا۔ بی بی شہید کی زندگی استقامت اور قربانی کا درس دیتی ہے، بی بی شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے،بی بی شہید کا خواب جمہوری، ترقی پسند اور جامع پاکستان ہے۔ جہاں ہر فرد کی عزت اور وقار کو یقینی بنایا جائے محترمہ بے نظیر بھٹو کی زندگی اور قربانیاں ان کی انصاف اور مساوی معاشرے کے لیے جدوجہد کا لازوال ثبوت ہیں۔ سیاسی، سماجی اور معاشی استحصال سے پاک پاکستان کے خواب میں وہ دن دور نہیں جب شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا انصاف پر مبنی پاکستان کا خواب پورا ہو گا۔