اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بھارت کے سابق وزیراعظم آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ نائب وزیراعظم نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی وفات کی خبر سن کر افسوس ہوا۔ پاکستان کے ضلع چکوال کے ایک گائوں میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر منموہن سنگھ ایک ممتاز ماہر اقتصادیات اور سیاسی رہنما تھے۔ آنجہانی کو ان کی دانشمندی اور نرم مزاجی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ اقتصادیات کے میدان میں اپنی نمایاں کامیابیوں سے ہٹ کر ڈاکٹر منموہن سنگھ علاقائی امن کے فروغ کے لئے عزم رکھتے تھے، علاقائی مسائل پر ان کا نقطہ نظر ان کے اس یقین کی عکاسی کرتا تھا کہ باہمی افہام و تفہیم، بات چیت اور تعاون اجتماعی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے بطور وزیراعظم اپنے دور میں پاک بھارت دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے میں قابل ذکر کردار ادا کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت ڈاکٹر منموہن سنگھ کے اہل خانہ اور بھارتی حکومت اور عوام سے اپنی دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔