اسلام آباد:پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) نےپاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 (سی-5) کے لیے باقاعدہ تعمیراتی لائسنس جاری کر دیا ہے۔پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے مذکورہ لائسنس کے لیئے اپریل 2024 میں درخواست دی تھی ،جس کے ساتھ ابتدائی حفاظتی جائزہ رپورٹ (پی ایس اے آر) اور دیگر متعلقہ ضروری دستاویزات بھی جمع کروائی گئیں۔ ان دستاویزات میں ری ایکٹر کے ڈیزائن، جوہری مواد کے محفوظ استعمال ، تابکاری سے تحفظ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، تابکار فضلے کو ٹھکانے لگانےاور نیوکلیئر سیکیورٹی جیسے تمام پہلو شامل تھے۔پی این آر اے نے تمام دستاویزات کے مفصل جائزے اور متعلقہ قومی وبین الاقوامی معیارات اورریگولیٹری تقاضوں کی تکمیل کے بعد لائسنس جاری کیا۔سی 5 ایک جدید ترین تھرڈ جنریشن کا پریشرائزڈ واٹر ری ایکٹر (پی ڈبلیو آرہے جو کہ چینی ہوا لونگ ڈیزائن (ایچ پی آر 1000) پر مبنی ہے۔ مذکورہ ڈیزائن کئی ( فعال اور غیر فعال) حفاظتی خصوصیات کے ساتھ ساتھ ڈبل شیل کنٹینمنٹ ، ری ایکٹر فلٹرڈ وینٹنگ سسٹم اور کئی جدید تکنیکی اختراعات کا حامل ہے اور 60 سال تک لگاتار بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ یاد رہے کہ یہ پاکستان میں اس ڈیزائن کا تیسرا نیوکلیئر پاور پلانٹ ہے۔کراچی کے دو نیوکلیئر پاور پلانٹس کے2 اور کے3 پہلے ہی کامیابی سے چل رہے ہیں اور بجلی کی پیداوار میں اپنا حصہ شامل کر رہے ہیں ۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سی5 پاکستان میں بجلی پیدا کرنے والا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ ہوگا جس کی پیداواری صلاحیت 1200 میگاواٹ ہے۔