اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی کابینہ نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2024 میں بینکنگ کمپنیز کے حوالے سے ترامیم، سوسائیٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 میں ترامیم، کاربن مارکیٹ میں تجارت کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائینز اور صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو انشورنس ٹریبیونل کے اضافی اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دے دی۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ نے ریونیو ڈویژن کی سفارش پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2024 میں بینکنگ کمپنیز کے حوالے سے ترامیم کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر سوسائیٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 میں ترامیم کی بھی منظوری دی۔کابینہ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی و موسمیاتی کوآرڈینیشن کی سفارش پر کاربن مارکیٹ میں تجارت کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائینز کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے معزز پشاور ہائی کورٹ کے احکامات اور وفاقی وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو انشورنس ٹریبیونل کے اضافی اختیارات تفویض کرنے کی بھی منظوری دی۔