اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قزاقستان کے علاقے اکٹائو میں آذربائیجان کے ہوائی جہاز کو پیش آنے والے حادثے اور اس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام آذربائیجان کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے سفارت خانے گئے اور آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے قزاقستان کے علاقے اکٹائو میں آذربائیجان کے ہوائی جہاز کو پیش آنے والے حادثے اور اس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔انہوں نے زخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔وزیراعظم نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام آذربائیجان کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے مابین مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی بھائی چارے کے مضبوط تعلقات ہیں۔آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے وزیراعظم کا ان کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وزیراعظم پاکستان کا آذربائیجان کے سفارت خانے آ کر اظہار افسوس کرنا ہمارے لیے انتہائی قابل قدر ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔