اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور طیارے کے المناک حادثے پر ان سے تعزیت کی۔جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج شام آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر بات کی اور 25 دسمبر 2024 کو اذال ایئر لائن کے المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر آذربائیجان کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم آذربائیجان کے برادر عوام کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور سوگوار خاندانوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آذربائیجان کے برادر عوام صبر و استقامت سے اس سانحے کا سامنا کریں گے۔دونوں برادر ممالک کے درمیان شاندار دوطرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر علیوف کو یقین دلایا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کو درکار ہر تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔صدر علیوف نے افسوسناک واقعے کے تناظر میں حمایت اور یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا اس موقع آذر بائیجان کے ساتھ کھڑا ہونا دونوں ممالک درمیان دوستی کے پائیدار رشتے کا عکاس ہے۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔قبل ازیں وزیراعظم نے اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارتخانے کا دورہ بھی کیا اور گزشتہ روز طیارے کے حادثے کے حوالے تعزیتی کتاب پر اپنے تاثرات قلمبند کئے۔