اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نو مئی کیس کے فیصلے سے انصاف کا بول بالا ہوا ہے، ملک دشمنوں کا خواب پورا کرنے والوں کو سزائیں دی گئیں، فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، نو مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو بھی سزائیں ملنی چاہئیں۔ جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج ملٹری کورٹ نے سانحہ نو مئی کے مجرمان کو باقاعدہ سزائیں سنائیں، نو مئی کو لاہور جناح ہائوس، پی اے ایف میانوالی، راولپنڈی، قلعہ چکدرہ کے ملزمان کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاعی اداروں کو کمزور کرنے اور ملکی دفاعی تنصیبات پر حملے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے رفقاءکی مذموم سازش تھی، انہوں نے نو مئی کی منصوبہ سازی میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بہت بڑا دن ہے، آج 60 مجرموں کا کیس کیفرکردار کو پہنچا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کیس کا فیصلہ عجلت میں نہیں ہوا، اس میں دو سال کا وقت لگا، اس کیس میں باقاعدہ شواہد جمع کروائے گئے۔جن مجرموں کو سزائیں ملیں یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے نو مئی کو توڑ پھوڑ اور جلائو گھیرائو کیا، سکیورٹی اہلکاروں پر تشدد کیا، گھر کے اندر گھس کر ٹی وی توڑا، وردی کی بے حرمتی کی، گیٹ توڑا، آگ لگائی اور ملک دشمنوں کا خواب پورا کرنے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان مجرمان کے ٹرائل میں تمام قانونی لوازمات کو پورا کیا گیا، ہم اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، آج انصاف کا بول بالا ہوا ہے، اب کوئی جرات نہیں کرے گا کہ وہ دفاعی تنصیبات پر حملہ آور ہو کر دشمنوں کا خواب پورا کرے۔انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹ میں ٹرائل عالمی معاہدوں، ہمارے قانون و آئین کے عین مطابق ہے۔ رائٹ ٹو فیئر ٹرائل میں وکیل کرنے، فیملی اور ریکارڈ تک رسائی کا حق دیا گیا جبکہ یہ بھی طے ہے کہ ملزم کی غیر موجودگی میں ٹرائل نہیں ہوگا۔ اس کیس میں اپیل کے بھی دو حق دیئے گئے ہیں، اپیل کا ایک حق ملٹری کورٹ جبکہ دوسرا متعلقہ ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن کے ذریعے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کا جرم اتنا بڑا جرم تھا کہ اس سے کوئی چھپ یا بھاگ نہیں سکتا، شواہد میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کون کون جائے واقعہ پر موجود تھا، کون اندر گیا، کس نے جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ پی اے ایف بیس میانوالی کے باہر ایم ایم عالم کے جہاز کو بھی جلا دیا گیا۔ اس جہاز پر ہم فخر کرتے ہیں کہ ہمارے ایک پائلٹ نے دشمن کے جہاز گرا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ نو مئی کے مجرموں نے دفاعی تنصیبات کو آگ لگائی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لئے بہت بڑا دن ہے، وہ تمام لوگ جو نو مئی سازش کے آلہ کار تھے جنہوں نے جلائو گھیرائو کیا، ان سب کو سزائیں سنائی گئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سازش کے ماسٹر مائنڈ اور دیگر منصوبہ سازوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور ان کا بھی ٹرائل مکمل کیا جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ رہنمائوں نے بانی چیئرمین کے نو مئی کو جلائو گھیرائو کے فیصلے سے اختلاف بھی کیا تھا لیکن اس کے باوجود مجرموں نے یہ کام کیا، ان کے موبائل فون کی لوکیشن اور موقع پر موجودگی ثابت ہے، ہر چیز روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ یہ حملہ آور تھے، انہوں نے جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ کی۔ ان مجرمان کے نہ صرف ویڈیو شواہد موجود ہیں بلکہ ٹیکنیکل شواہد بھی موجود ہیں، کیمرے کی آنکھ سے کوئی نہیں بچ سکتا۔ یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے دشمنوں کا خواب پورا کیا اور آج بھی اسی بیانیہ پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج قانون کا بول بالا ہوا ہے، ملک میں قانون کی حکمرانی ہوگی اور آئندہ کوئی بھی جرات نہیں کرے گا کہ وہ ملک میں انارکی پھیلائے اور دفاعی تنصیبات اور قومی سلامتی کی علامتوں کو نقصان پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ آج شہداءکی ارواح پرسکون ہوں گی،جن لوگوں نے ان کی یادگاروں کو مسمار کیا اور تشدد اور انتشار کا راستہ اپنایا، آج انہیں سزائیں ہوئیں اور وہ کیفر کردار کو پہنچے۔ اب کوئی ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکے گا، ریاست پاکستان مضبوط ہوگی، آئین کی بالادستی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آج تو بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی کہہ دیا کہ معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان کو مزید مضبوط بنائیں گے۔