اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان اور ماؤ زے تنگ نے جدید چین کی بنیاد رکھی، پاکستان اورچین کے تاریخی تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر استوار ہیں،پاکستان اور چین کی آل ۔ویدر اسٹریٹجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، عالمی امن و خوشحالی کےلئے پاکستان او ر چین مل کر کام کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوممتاز چینی آرٹسٹ و مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم سے ملاقات اور25 دسمبر کو قائد اعظم اور 26 دسمبر کو ماؤ زے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے ان کےاسکلپچرز (مجسموں ) کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ماؤ زے تنگ کی بھتیجی مادام ماؤ شیاؤ چنگ بھی موجود تھیں۔ماسٹر یوآن کے بنائے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح اور چیئرمین ماؤ زے تنگ کےمجسموں کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد 25 دسمبر کو قائد اعظم اور 26 دسمبر کو ماؤ زے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے کیا گیا ۔وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ماسٹر یوآن کو خوش آمدید کہا ۔انہوں نے قائد اعظم اور چیئرمین ماؤ کا شاندار اسکلپچرز بنانے پر ماسٹر یوآن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ تقریب تاریخی ہے،دونوں رہنمائوں کے مجسمے ماسٹر یوآن کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے نئی اسلامی مملکت پاکستان کی بنیاد رکھی،جدید چین کی بنیاد رکھنے میں چیئرمین ماؤ کا کلیدی کردار تھا ،چیئرمین ماؤ زے تنگ کی عزت و احترام ہر پاکستانی کے دل میں ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات باہمی احترام و اعتماد پر مبنی ہیں، چین اور پاکستان دونوں قدیم تاریخی ورثوں کے امین ہیں۔ ہمار ی تہذیبیں ہزاروں سال پروانی ہیں۔ رواں سال جون میں اپنے دورہ چین کے دوران شیان میں ٹیرا کوٹا واریئرز میوزیم جانے کا اتفاق ہوا جو کہ انتہائی متاثر کن تاریخی ورثہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان وادی سندھ کی قدیم ترین تاریخ کا مسکن ہے ۔موہنجو دڑو اور ہڑپہ میں ہزاروں سال پرانی انسانی تاریخ پنہاں ہے ،رواں سال چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کے پاکستان کے دورہ سے دونوں ممالک کے مثالی تعلقات مزید مستحکم ہوئے،پاکستان اور چین کی آل ۔ویدر اسٹریٹجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔عالمی امن اور خوشحالی کے لئے پاکستان اور چین مل کر کام کر سکتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین۔پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے لے کر دفاع اور دفاعی پیداوار اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں مزید بہتری آ رہی ہے،پاکستان سے زراعت کے شعبے کے گریجویٹ کا پہلا بیچ چینی زرعی یونیورسٹیوں میں تربیت اور تحقیق کی غرض سے جلد چین روانہ ہو گا ۔ وزیراعظم نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور چیئرمین مائو کے مجسموں کو قیمتی تحفے قرار دیا۔ماسٹر یوآن نے تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ آج یہاں پاکستان آنا ان کے لئے انتہائی خوشی کا باعث ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح اور چیئرمین مائوزئےتنگ عظیم لیڈر ہیں ۔ ان کی عظمت نے مجھے ان کے مجسمے بنانے پر مجبور کیا۔ سی پیک کے 10 سال پورے ہونے پر دونوں رہنمائوں کے مجسمے بنانامیرے لئے فخر کا باعث ہے۔ان مجسموں کی رونمائی دونوں ممالک کے مابین محبت اور اخوت کا مظہر ہے۔قبل ازیں ماسٹر یوآن نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو اپنے بنائے ہوئے دونوں رہنمائوں کے مجسموں کا تحفہ پیش کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات ، نشریات و ثقافت عطاء اللہ تارڑ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ،پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ ، چین میں تعینات پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی اور سرکاری افسران موجود تھے