اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان انسانی حقوق کی اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پور طرح پرعزم ہے۔ ترجمان نے فوجی عدالتوں کے حالیہ فیصلوں پر بیانات سے متعلق سوال کے جواب میں منگل کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کا قانونی نظام بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون سے ہم آہنگ ہے جس میں شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کی دفعات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں اعلیٰ عدالتوں کے ذریعے عدالتی نظرثانی بھی موجود ہے جس میں انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے فروغ اور تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ فیصلے پاکستان کی پارلیمنٹ کے بنائے گئے قانون کے تحت اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوریت کے اصولوں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم جی ایس پی پلس سکیم اور بنیادی بین الاقوامی انسانی حقوق کے کنونشنز کے تحت اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں، ہم بغیر کسی امتیاز اور دوہرے معیار کے بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کو برقرار رکھنے کے لیے یورپی یونین سمیت اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے۔