راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سماجی،ثقافتی،اقتصادی اور قومی ترقی میں مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کی خدمات قوم کے لئے فخر اور طاقت کا ذریعہ ہیں۔بدھ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ راولپنڈی میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی۔جہاں آمد پر شرکاء کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال اور اس پرمسرت موقع پر ان کی موجودگی اور یکجہتی پر ان سے اظہار تشکر کیا گیا ۔آرمی چیف نے اس موقع پر ملک بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے اس بات پر زور دیاکہ کرسمس ہمدردی،خیر سگالی کی آفاقی اقدار کے ان اصولوں کی گہری یاد دہانی کراتا ہے جو ہمارے متنوع معاشرے کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافتی، سماجی،اقتصادی اور قومی ترقی میں اقلیتوں اور مسیحی برادری کی قابل ذکر خدمات کو سراہتے ہیں جو قوم کے لئے فخر اور طاقت کا ذریعہ ہیں۔