لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرسمَس پر کرسچین برادری اور دنیا بھر کے مسیحی برادری کے لئے خوشیوں اور محبتوں کا پیغام دیا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہوں۔ کرسمس امن، محبت اور خدمت کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری نے ہمیشہ ملک کی ترقی، تعلیم، صحت، اور دیگر شعبوں میں شاندار خدمات انجام دی ہیں۔ اقلیتی برادری کی قربانیوں اور محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور بھرپور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ حکومت پنجاب تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ فخر ہے کہ پنجاب پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کا مرکز ہے۔ اقلیتوں کے تحفظ اور بہتر زندگی کے لئے پرعزم ہیں، یہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ حکومت پنجاب بہت جلد”مینارٹی کارڈ“کا اجرا کر رہی ہے۔ مینارٹی کارڈ سے نادار اقلیتی بہن بھائیوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں ہر مذہب اور ہر برادری کو مساوی حقوق اور تحفظ حاصل ہو۔ محبت، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضاء ہی ہمارے ملک کی اصل طاقت ہے۔