اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)رومانیہ کی نیول فورسز کے سربراہ وائس ایڈمرل میہائی پنائیت نے رومانیہ کی کانسٹانٹا بندرگاہ پر پاک بحریہ کے نئے کمیشن شدہ جہاز پی این ایس یامامہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پرمعزز مہمان کو جہاز کی آپریشنل صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئ۔پی این ایس یمامہ پاک بحریہ کے ان چار جہازوں میں سے آخری جہاز ہے جو ڈیمین شپ یارڈز، گلاٹی، رومانیہ میں تعمیر کیئے گئے ہیں۔ یہ ورسٹائل، ہائی ٹیک، اور جدید ترین پلیٹ فارمز چیلنجنگ بحری ماحول میں کام کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں اور جنگ کے تمام شعبوں میں ڈیٹرنس کو پروجیکٹ کرنے کے لیے لیس ہیں۔ 17 دسمبر 24 کو پاک بحریہ میں کمیشن ہونے کے بعد پی این ایس یماما نے رومانیہ کے بحری جہاز کے ساتھ اپنی پہلی بحری مشق کا بھی انعقاد کیا ہے جس سے جہاز کے باقاعدہ بحری آپریشن کا آغاز ہو گیا ہے۔قبل ازیں ، کمانڈر کراچی، وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے رومانیہ کی نیول فورسز کے سربراہ، وائس ایڈمرل میہائی پنائیت(Mihai Panait) سے رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دونوں بحری افواج کی دوطرفہ سرگرمیوں اور میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں کمانڈرز نے بحری افواج کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ آپریشنز اور تربیت کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔