کراچی(نمائندہ خصوصی) گلشن معمار احسن آباد میں زیر تعمیر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کا ایک اور اسٹیٹ آف دی آرٹ تعلیمی منصوبہ ’’جنت الصدیق اسلامک سینٹر ‘‘تکمیل کی قریب پہنچ گیا۔منصوبے کی پری لانچنگ تقریب گزشتہ روز گلشن معمار میں زیر تعمیر عمارت کے مجوزہ کتب خانے میں منعقد ہوئی ۔تقریب کی صدارت مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن نے کی جبکہ اس موقع پر سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری بھی موجود تھے۔تقریب کے اہم شرکاء میںجامعہ نورالمدینہ احسن آباد کے پرنسپل مفتی بدرالدین سہروردی،انجینئر فرحت حسین، امجد چامڑیہ،ابو فیصل ،علامہ عبدالناصر،علامہ عبدالصمد،محمد اشفاق ،مفتی نعمان کریم ،محمد ریحان دیگر علمائے کرام اور مدارس کے مہتمین نے شرکت کی۔اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں مفتی منیب الرحمن نے کثیرالمقاصد اسلامک سینٹر کے قیام پر سیلانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کو جدید تعلیم سے ہم آہنگ کرنا نہایت ضروری ہے کیونکہ 21 ویں صدی مصنوعی ذہانت کی صدی ہے اور مستقبل کی عالمی جنگ زمین پر ٹینکوں سے نہیں بلکہ اسٹار وار ہوگی جو آسمانی بلندیوں پرخلاء میں موجود مصنوعی سیاروں پر لڑی جائے گی۔ مصنوعی ذہانت ان سیاروں کا اعصابی نظام ہے۔اس لیے مسلمانوں کو مصنوعی ذہانت کے انقلاب کا مقابلہ کرنا ہوگا۔سیلانی اس لحاظ سے قابل تعریف ہے کہ یہ دین کےساتھ ساتھ طلبہ کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کےمیدان کے لیے تیار کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دینی کاموں کو فروغ دینے والے تمام مخیر حضرات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جودین و دنیا کی بھلائی کے کاموں میں دن رات مصروف ہیں۔ان مخیر حضرات کو سیلانی اور اس جیسے دیگر معتبر اداروں کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ ان کے عطیات،صدقات وغیرہ درست کاموں میں خرچ ہورہے ہیں۔مفتی منیب الرحمن نے سیلانی ٹرسٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جنت الصدیق اسلامک سینٹر نہ صرف شہر بلکہ ملک اور عالم اسلام کے لیے منفرد اور مفید ادارہ ثابت ہوگا۔یہ کثیرالمقاصد منصوبہ ہے جو آنے والے دور کی ضرورت ہے۔ مولانا بشیر فاروق قادری نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیلانی کے مدارس میں اس وقت کم و بیش 30 ہزار طلبہ پڑھ رہے ہیں۔ان کی تعلیم و تربیت پر ایک ہزار اساتذہ مقرر کریں ۔سیلانی کے تحت صرف دینی تعلیم کے شعبے میں درس نظامی کے علاوہ عربی زبان،ترکش زبان اور انگریزی کو کورسز بھی کرائے جارہے ہیں۔ملیر میمن گوٹھ میں امام احمد رضا یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کی تعمیرات کے دوران یونی ورسٹی کے تین کیمپس میں اسی سال سے تعلیم شروع کردی جائے گی۔ ایک کیمپس یہاں (جنت الصدیق میں)بھی
قائم کیا جائے گا۔دوسرا کیمپش ملیر کورٹ کے پیچھے اور تیسرا کیمپس نارتھ کراچی میں قائم کیا جارہا ہے۔امام احمد رضا یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز میں سائنسدان بھی تیار کیے جائیں گے تاکہ دنیا کو ایک بار پھر مسلم امہ سے سائنسدان فراہم کیے جاسکیں ۔انہوں نے کہا کہ بینکوں سے سودی نظام کے خاتمے کی مدت طے ہوچکی ہے ۔اس وقت تک بینکاری نظام کو بڑی تعداد میں اسلامک فنانس کے لوگ درکار ہونگے۔ سیلانی اس گیپ کو پورا کرنے کا عزم رکھتا ہے اور سیلانی نے علماء اور بینکرز کی اسلامک فنانس کی تربیت شروع کردی ہے۔علامہ عبدالناصر نے کہا کہ اسلامک انسٹی ٹیوٹ سے تعلیمی انقلاب ممکن ہوسکتا ہے۔دعوت دین پر وہی مبلغین جائیں جو عالم بھی ہوں کیونکہ ہمیں الحاد کے چیلنج سے نمٹنا ہے۔جنت الصدیق اسلامک سینٹر کے روح رواں محمد اشفاق نے کہا کہ وہ مسلم امہ کے لیے بہترین افراد کی تیاری کا مشن پورا کررہے ہیں۔سیلانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس کی پہلی اینٹ سے لے کر تکمیل اور اسے چلانے تک کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔ بعد ازاں مفتی نعمان کریم کی جانب سے منصوبے کی مکمل بریفنگ دی گئی۔