اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو ایوانِ صدر میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی ، معاشی اور سیکورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔صدر مملکت اور وزیرِ اعظم نے ملکی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ملاقات میں نائب وزیر
اعظم/وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی ،گورنر خيبر پختونخوا فیصل کریم کنڈیسابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور ممبر قومی اسمبلی سید نوید قمر شریک تھے ۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر مملکت اور وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران پارلیمنٹ میں قانون سازی کے امور پر بھی بات چیت کی۔دونوں رہنماؤں نے قانونی امور پر تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔صدر مملکت نے وزیرِ اعظم کو ملکی ترقی اور استحکام کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔