لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے سکالر شپ پروگرام کے دوسرے فیز میں چیک تقسیم کریں گی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اسلام آباد کے معروف تعلیمی ادارے فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ انجینئرنگ سائنس اسلام آباد میں ہونہار سکالر شپ کی تقریب میں شرکت کریں گی۔چیف منسٹر ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت 30ہزار طلبہ کی تعلیمی اخراجات وظائف کی صورت ادا کیے جائیں گے۔پنجاب 65یونیورسٹیوں،12میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج،359کالج کے طلبہ چیف منسٹر ہونہار سکالر شپ حاصل کررہے ہیں۔68مضامین /ڈسپلن کے طلبہ ہونہار سکالر شپ کے تحت وظائف کی صورت میں تعلیمی اخراجات پورے کرسکیں گے۔تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کے لیے 4 ارب کی خطیر رقم سے ہونہار سکالرشپ سکیم کا آغازکیا۔ہونہار سکالرشپ پروگرام کے تحت سالانہ 30,000 سکالرشپ دی جائیں گی، 4 سال میں جس کی تعداد 120,000 ہوگی۔اس سکالرشپ کے ذریعے ہونہار طلبہ مالی حالات کی فکر کے بغیر اعلیٰ تعلیم بہترین اداروں سے حاصل کرسکتے ہیں۔ہونہار سکالرشپ پروگرام کے تحت طلبہ کے 100 فیصد تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہوں گے۔اس پروگرام کے تحت 68 مختلف شعبہ جات میں طلبہ کے لئے سکالرشپ رکھی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 22 سال سے کم عمر طلبہ جن کے پاس پنجاب کا ڈومیسائل ہے اور ان کے گھر کی ماہانہ انکم 3 لاکھ سے کم ہے وہ اس پروگرام کے لئے اہل ہیں۔ہونہار سکالرشپ پروگرام میں شفافیت کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے تمام درخواستیں آن لائن پورٹل پر موصول اور پراسیس کی گئیں۔ہر تعلیمی ادارے کی کمیٹی کے علاوہ صوبائی سطح پر بھی کمیٹی کے ذریعے سکروٹنی کے عمل کو مکمل کیا گیا۔سینئر منسٹر کی زیر صدارت اسٹیرنگ کمیٹی نے پورے عمل کی نگرانی کی۔ہونہار سکالرشپ پروگرام کی پہلی تقریب یونیورسٹی آف پنجاب میں منعقد ہوئی جس میں 2473 طلبہ کو سکالرشپ تقسیم کی گئیں۔ہونہار سکالرشپ پروگرام کے تحت یو ای ٹی لاہور کے 1886 طلبہ کو بھی سکالرشپ دی جاچکی ہے۔فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں راولپنڈی ڈویژن کے کل 2570 طلبہ میں سکالرشپ تقسیم کی جائیں گی۔1660 سکالرشپ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے طلبہ جبکہ 637 سکالرشپس فیڈرل اور پرائیوٹ سیکٹر یونیورسٹیز کے طلبہ میں تقسیم کی جائیں گی۔