کراچی(وقا ئع نگار خصوصی)شہر بھر میں دندناتی پھرتی بے نامی موبائلوں کو ڈی جی کے ڈی اے نے ادارے کا نام دیدیا،ادار ہ ترقیات کراچی کی موبائلوں سے ادارے کا مونوگرام اور محکمے کا نام مٹاکر موبائلیں غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال کئے جانے کی اطلاعات کا نوٹس لے لیا گیا،ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کے حکم پر تمام موبائلوں پر کے ڈی اے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کا نام اور مونوگرام چسپا ںکردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کے حکم پر ادارے کی تمام موبائلوں پر محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ اور کے ڈی اے کا مونو گرام چسپاں کردیا گیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں خریدی گئیں دو موبائلوں سمیت دیگر دو موبائلوں سے بھی افسران نے محکمے کا مونوگرام اور نام مٹادیا تھا تاکہ مال پکڑ سرگرمیوں کے دوران نشاندہی سے محفوظ رہا جاسکے،ذرائع کے مطابق کے ڈی اے کی بے نامی موبائلوں کے ذریعے شہر میں نرسریوں،ٹھیلے پتھارے ،زمینوں پر قبضے میں ملوث مافیا سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر سے مک مکا کیا جاتا تھا اور مبینہ طور پر مذکورہ موبائلیں کے ڈی اے افسران کیلئے یومیہ بھاری آمدنی کا ذریعہ بنی ہوئی تھیں،اس سلسلے میں گذشتہ دنوں ذرائع ابلاغ میں کی جانے والی نشاندہی کا ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے الطاف گوہر میمن نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے افسران کوتمام موبائلیں شام میں سوک سینٹر کی پارکنگ میں کھڑی کرنے کی ہدایت کی اور بے نامی موبائلوں پر ایک مرتبہ پھر ادارے کا مونوگرام اور محکمے کانام چسپاں کرادیا گیا ہے