اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں سکیورٹی آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 4 کارندوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے۔ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے سپاہی عامر سہیل آفریدی کی شہادت پر افسوس کااظہار کیاہے۔وزیراعظم نے شہید کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے، حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل سد باب کے لیے سرگرم عمل ہیں۔