راولپنڈی ۔(نمائندہ خصوصی):سکیورٹی فورسز نے خیبر ضلع کے علاقے راجگال میں پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارجیوں کے ایک گرو کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 خوارجیوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عامر سہیل آفریدی نے جام شہادت نوش کیا۔ہفتہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں خوارجیوں کے ایک گروپ کی نقل وحرکت دیکھی جو پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، سکیورٹی فورسز نے ان کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا تاہم اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ضلع خیبر کے رہائشی 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان تسلسل کے ساتھ افغان عبوری حکومت سے یہ کہہ رہا کہ وہ اپنی سمت سے بارڈر کی مینجمنٹ کو موثر بنائیں، افغانستان کی عبوری حکومت سے توقع ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اپنی سر زمین کو خوارجیوں کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لئے استعمال کرنے سے روکنے کے لئے اقدامات کرے گی ۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مستحکم ہوگا۔