کوئٹہ( نمائندہ خصوصی) اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان کے مختلف مقامات پرکارروائی کےدوران 37 من سے زائد(1480کلوگرام ) افیون،چرس،آئس،بھنگ کے بیچ،پوست اورہیروئن تحویل میں لے لی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات اسمگلنگ کےخلاف ملک کےمختلف شہروں میں کریک ڈاؤن کے تسلسل میں کارروائیاں جاری ہیں،بلوچستان کے مختلف علاقوں سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 42کروڑ روپے سےزائد مالیت کی 1565.218کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق بلوچستان میں بھرابچہ سے 367 کلو افیون، 55 کلو چرس، 19.5 کلو آئس، 79 کلو بھنگ کے بیج، 58 کلو پوست کے بیج اور 554.232 کلومشتبہ مواد برآمد کیا جبکہ اختر آباد ہزارگنجی کوئٹہ سے 180 کلوگرام ہیروئن اورکوئٹہ میں جبل نورسے169 کلوگرام چرس برآمدکی گئی جس کے دوران 2 ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں آئی۔سیٹلائٹ ٹاؤن کیچ(بلوچستان)میں ہوٹل کے قریب 6 کلو آئس برآمد کی گئی،ملک کے دیگر شہروں سری نگر ہائی وے اسلام آباد پر تبلیغی مرکز کے قریب 24 کلوگرام افیون اور 48 کلوگرام چرس جبکہ اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک کے قریب ملزم کے قبضے سے 2 کلوگرام چرس اورشیرشاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب کارمیں چھپائی گئی 1.1کلوگرام ویڈ اور1.3 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔