اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی جس میں مولانا فضل الرحمان کی مدارس رجسٹریشن کی تجاویز پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون اس معاملے کو حل کرنے کے لیے آئین اور قانون کے مطابق اقدامات کرے۔ملاقات میں رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر کامران مرتضیٰ ، رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ،وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان موجود تھے۔