پشاور ( نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کے لیے طویل مشاورت کی گئی اور فریقین سے اسلحہ جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یکم فروری تک اسلحہ جمع کرنے اور بنکر مسمار کرنے کا عمل مکمل کیا جائے گا، جبکہ عارضی طور پر زمینی راستہ کھولا جائے گا اور سکیورٹی کے انتظامات کے تحت پولیس اور ایف سی قافلوں کو مشترکہ طور پر سکیورٹی فراہم کریں گے۔ علاقے میں آمدورفت کے مسائل کو حل کرنے کے لیے خصوصی ہیلی کاپٹر سروس شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں تیراہ اور جانی خیل کی سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور عارضی نقل مکانی کی تجویز دی گئی تاکہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کی جا سکے۔ کرم کے مسئلے کو قومی مسئلہ قرار دیتے ہوئے سیاسی ہم آہنگی اور حکومتی عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اس مسئلے کا حل امن کے ساتھ نکالا جائے گا۔ فریقین سے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی درخواست کی گئی تاکہ علاقے کی مشکلات کا خاتمہ اور امن قائم کیا جا سکے۔