پشاور( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان اہم ملاقات بھی ہوئی جس میں امن و امان کی صورتحال اور ایف سی کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے شہداء کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر ہمیں فخر ہے۔محسن نقوی نے بھی ایف سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری صوبے میں امن و امان یقینی بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ رہنماؤں نے ایف سی کے جوانوں کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وطن کی حفاظت کے لیے ان کی قربانیوں کو سنہری حروف میں لکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔