اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے عمان کے سرکاری دورے کے دوران عمان کی سول اور عسکری قیادت سے ملاقانیں کیں۔ انہوں نے منسٹر آف رائل آفس جنرل سلطان محمد النعمانی (General Sultan Mohammad Al Nu’amani)، کمانڈر رائل نیوی آف عمان ریئر ایڈمرل سیف ناصر الرحبی (Rear Admiral Saif Nasser Al Rahbi) اور نیشنل ڈیفنس کالج کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی عبداللہ الشیدی (Rear Admiral Ali Abdullah Al Shidi) سے الگ الگ ملاقاتین کیں۔ان ملاقاتوں کے دوران دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عمان اور پاکستان کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔ نیول چیف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاک بحریہ دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ کی مضبوط حامی ہے اور مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی انتظامات میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ عمان کی سول اور عسکری قیادت نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات کو سراہا اور مضبوط دوطرفہ بحری تعاون کی اہمیت کو تسلیم کیا۔بعد ازاں؛ نیول چیف نے سید بن سلطان نیول بیس، رائل عمان بحریہ کے بحری جہاز، میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر، نیشنل ڈیفنس کالج ، ملٹری ٹیکنیکل کالج اور سلطان قابوس نیول اکیڈمی کا بھی دورہ کیا؛ جہاں انہیں موقع پر بریفنگز دی گئیں۔پاکستان اور عمان کے درمیان تاریخی طور پر برادرانہ تعلقات ہیں اور نیول چیف کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے درمیان بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید فروغ اور وسعت دے گا۔