قاہرہ(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اورایران کے صدر مسعود پزشکیان نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص دوطرفہ تجارت، معیشت، توانائی، سلامتی اور علاقائی روابط کے حوالے سے پاک ایران برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں کی نسل کشی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور مظلوم فلسطینیوں کے لئے آواز بلند ر کھنے پر اتفاق کیا ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ترقی پذیر ممالک (ڈی ایٹ) کے گیارہویں سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ ڈی ایٹ سربراہی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے رکن ممالک کے درمیان شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون بڑھانے کی راہیں ہموار ہوں گی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص دوطرفہ تجارت، معیشت، توانائی، سلامتی اور علاقائی روابط کے حوالے سے پاک ایران برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ایران کے مابین موجودہ ادارہ جاتی لائحہ عمل کے ذریعے نئے شعبوں کی نشاندہی کرکے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون میں وسیع استعداد کو بروئے کار لانے پر زور دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سرحدی علاقوں کی ترقی اور وہاں کے لوگوں کے معاش کو بہتر بنانے کے لئے بارڈر مارکیٹوں کو مزید فعال کرنے کی اہمیت پر زور دیا جن میں سے کچھ کا پہلے ہی افتتاح ہو چکا جبکہ چند پر کام جاری ہے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی مسائل پر فراہم کی جانے والی حمایت کو بھی اجاگر کیا اور علاقائی اور عالمی اہمیت کے تمام معاملات پر قریبی روابط رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں کی نسل کشی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور مظلوم فلسطینیوں کے لئے آواز بلند ر کھنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطین، لبنان اور شام سے تعلق رکھنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے ملاقات میں ایران کے سپریم لیڈر کیلئے اپنا تہنیتی پیغام بھی دیا۔ وزیراعظم نے برکس کا رکن بننے پر ایران کو مبارکباد بھی دی اور پاکستان کی برکس میں رکنیت کے لئے ایران کی حمایت کی درخواست کی۔ انہوں نے صدر مسعود پزشکیان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی