لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پبلک پرائیویٹ سیکٹرکے تعاون کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ ڈیجیٹل ایگریکلچر کاشتکاروں کا مستقبل ہے۔ زرعی معلومات کی منتقلی کیلئے ڈیجیٹل نیٹ ورک اور سوشل میڈیا کا استعمال آج کے دور میں لازم و ملزوم ہو چکا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب اور باخبر کسان کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ کاشتکاروں کیلئے بروقت زرعی معلومات کا ذریعہ ثابت ہوگا۔جبکہ فیس (فوڈ اینڈ ایگریکلچر سنٹر آف ایکسیلنسی)کے ساتھ معاہدہ کاشتکاروں کی کیپسٹی بلڈنگ،جدت،ویلیو چین اور پیداوار میں اضافہ کا باعث بنے گا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین گرمانی نے ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں منعقدہ محکمہ زراعت پنجاب اور باخبر کسان و فیس کے درمیان معاہدہ پر دستخط کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ خان لغاری اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ آج کے ہونے والے یہ دونوں معاہدے زرعی شعبہ کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے اور اس ضمن میں دونوں کمپنیاں کو پنجاب ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ(توسیع ونگ)کی جانب سے مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔انھوں نے پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ خان لغاری کو ان معاہدوں کے پروگرام کے تحت فوکل پرسن نامزد کرنے کے احکامات جاری کئے۔ صوبہ میں وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق یہ پلیٹ فارم زرعی شعبہ میں جدید طریقوں کو متعارف کرانے میں ممدومعاون ثابت ہو گا۔صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ موسمی تبدیلیوں کے مضر اثرات اور متنوع پیداوارکے رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کاشتکاروں تک فوری طور ایسی معلومات پہنچائی جائیں جس سے نہ صرف ان کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جا سکے بلکہ یہ معلومات فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ کا سبب بھی بنے۔ سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پیسٹ الرٹ، موسم کے حال اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے کھاد،پانی کے بہتر استعمال سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر باخبر کسان خضر عالم خان،چیف آپریٹنگ آفیسر (فیس)حسن اکرم،مارکیٹنگ ہیڈ ایف ایف سی اطہر جاوید،کنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی،ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس زراعت محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید اور ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔