کراچی (نمائندہ خصوصی)لاہورپریس کلب 2024 ءکا جنرل کونسل اجلاس صدر ارشد انصاری کی زیرصدارت نثارعثمانی آڈیٹوریم میں منعقدہواجس میں گورننگ باڈی کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔جنرل کونسل اجلاس میں ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں سالانہ بجٹ 2024ءمنظوری کے لئے پیش کیا گیا جس میں آمدن و اخراجات کے تخمینہ کو کثرت رائے سے منظور کرلیاگیا۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ سال 2024 ءمیں آمدن کی مد میں 91336241 روپے رہا جبکہ اخراجات کی مد میں 66880499 روپے خرچ ہوئے اور 24429742 روپے سرپلس بجٹ رہا۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ رواں برس ملازمین کی تنخواہوں میں دو مرتبہ اضافہ کیا گیا، انھیں بونس بھی اداکیاگیا جبکہ 2018 ءسے روکی ہوئی تنخواہیں بھی اداکردی گئیں۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ اندھیرں میں ڈوبے پریس کلب میں 100 کلو واٹ کا سولر سسٹم نصب کردیاگیاہے جس سے بجلی کے ماہانہ بلزاوردیگر مسائل کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ اجلاس میں اس امر کو سراہاگیاکہ کلب کے مالی معاملات میں بہتری لا ئی گئی ہے۔جنرل کونسل اجلاس میں بتایاگیاکہ گورننگ باڈی کی میٹنگ میں تجویزرکھی گئی کہ آئندہ انتخابات میں گورننگ باڈی میں جوائنٹ سیکرٹری کی ایک اضافی نشست رکھی جائے جسے گورننگ باڈی نے منظور کرلیا جس پر صرف خواتین مدمقابل ہوں گی۔ جنرل کونسل اجلاس میں اس تجویزپر کثرت رائے سے منظوری دے دی گئی جبکہ اجلاس میں سال 2025 کے سالانہ انتخابات 29دسمبر کو منعقد کرنے کی تجویز دی گئی جس کی منظوری بھی دے دی گئی۔قبل ازیں گورننگ باڈی اجلاس میں سال 2024 ءکی گورننگ باڈی کی کارکردگی کو سراہاگیا اور سال بھر میں سولر سسٹم کی تنصیب، سو شل میڈیا ویب سائٹ کاقیام، لائبریری کی بہتری و ای لائبریری کا قیام، کلب کی تعمیرو مرمت اور تزئین و آرائش، جمنیزیم میں نئی جدید مشینری کی تنصیب و نئی سہولیات کی فراہمی، ایف بلاک کی ڈیمارکیشن اور فیز ٹو میں اہم پیشرفت کو سراہا گیا۔ گورننگ باڈی اجلاس میں صدر اشد انصاری کی خدمات کو خصوصی طورپراور گورننگ باڈی کے تمام ممبران کے مثبت رویے کو سراہاگیاجس سے بہترین انداز میں امور سر انجام دئیے گئے۔