اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان میں انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے سبکدوش ہونے والے سربراہ مسٹر نکولس لیمبرٹ نے ہلال احمر پاکستان ا کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری سے الوداعی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نکولس لیمبرٹ نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران ہلال احمر پاکستان کی مثالی خدمات اور متاثرہ گھرانوں کی بحالی کے لئے جاری اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے متاثر کن انسانی ہمدردی کے پروگراموں کو آگے بڑھانے میں سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت کی تعریف کی۔انہوں نے ہلال احمر پاکستان کے لئے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کی جانب سے تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہلال احمر پاکستان کے ساتھ ہماری شراکت داری پاکستان میں ہمارے مشن کی بنیاد ہے۔ ایک ساتھ مل کر، ہم ضرورت کے وقت اہم امداد اور مدد فراہم کرکے کمیونٹیز کی خدمت کے لئے ہمیشہ ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کی مسلسل حمایت اور ہلال احمر پاکستان کو بطور قومی سوسائٹی مضبوط کرنے میں اس کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے تعاون سے چلنے والے اہم پروگراموں جیسے کہ نیشنل سوسائٹی ڈویلپمنٹ، ہنگامی تیاری اور ردعمل،خاندانی روابط کی بحالی، ابتدائی طبی امداد، میڈیااینڈ کمیونیکیشن، اور خطرے سے آگاہی اور محفوظ رویے کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔سردار شاہد احمد لغاری نے پاکستان کے جغرافیائی چیلنجوں، بار بار آنے والی قدرتی آفات، اور انسانی ضروریات کا زکر کرتے ہوئے ہلال احمر سٹاف کی صلاحیت کو بڑھانے، پروگرام کی رسائی کو بڑھانے اور ہلال احمر پاکستان اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے درمیان مضبوط شراکت داری کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نکولس لمبرٹ کے لئے مستقبل کی کوششوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔الوداعی ملاقات کے اختتام پر فریقین کی جانب سے آنے والے سالوں میں انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیاگیا۔