کراچی:(ہیلتھ رپورٹر)پاکستان کارڈیک سوسائٹی (پی سی ایس) نے سینئر ماہر امراض قلب ڈاکٹر اکرم سلطان کو کراچی چیپٹر کا کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ 5 دسمبر 2024 کو منعقدہ کونسل اجلاس میں کیا گیا، پی سی ایس پاکستان میں امراضِ قلب کے علاج کو بہتر بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ڈاکٹر اکرم سلطان صحتِ عامہ اور امراضِ قلب کے شعبے میں اپنے وسیع تجربے اور مہارت کی بدولت ایک نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کا شاندار کیریئر بشمول کراچی ڈویژن کے ڈائریکٹر ہیلتھ اور سندھ میں توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سمیت شہر کے مشہور سول ہسپتال میں بحیثیت میڈیکل سپریٹنڈٹ (ایم ایس) کے طور پر نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ اس وقت وہ کراچی کے ٹبہ ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں ماہر امراضِ قلب کے طور پر کام کر رہے ہیں، جہاں وہ مریضوں کو جدید طریقہ سے بہتر اور فوری علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ڈاکٹر اکرم سلطان کمیونٹی ہیلتھ اور صحتِ عامہ کے مسائل سے نمٹنے کے لیے جدید حکمتِ عملیوں کے لیے مشہور ہیں۔ ان کی تقرری سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ کراچی چیپٹر میں نئی روح پھونکیں گے اور سوسائٹی کو طے شدہ منازل کی سمت آگے بڑھنے میں مدد کریں گے۔ پاکستان کارڈیک سوسائٹی، جو طبی تعلیم، صحتِ عامہ کے مسائل، اور صحت سے وابستہ افراد کے درمیان باہمی اشتراک کے ذریعے امراضِ قلب کے بہتر علاج کو ممکن بنانے کے لیے ہمہ وقت سرگرم ایک تنظیم ہے۔ جس نے ڈاکٹر سلطان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور اس حوالے سے سوسائٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ "صحتِ عامہ اور امراضِ قلب میں ڈاکٹر اکرم سلطان کا شاندار کیریئر اور مریضوں کی فلاح کے لیے ان کی کوششیں انہیں کراچی چیپٹر کی قیادت کے لیے ایک مثالی انتخاب بناتی ہے۔”بحیثیت کوآرڈینیٹر، ڈاکٹر سلطان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ امراضِ قلب سے متعلق آگاہی بڑھانے، طبی ماہرین کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے، اور خطے میں امراضِ قلب کے علاج تک رسائی کو بہتر بنانے کی سرگرمیوں کی قیادت کریں گے۔ ان کی تقرری کو پاکستان میں دل کی بیماریوں کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، جو کہ ملک میں اموات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔