اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے پیر کو ہائر ایجوکیشن کمیشن سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کی۔ایچ ای سی سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اعلیٰ تعلیم کی ترقی خاص طور پر آزاد جموں و کشمیر میں ایچ ای سی کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ آزاد جموں و کشمیر حکومت کے سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، وزیر بلدیات و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور، منگلا ڈیم کے امور کے وزیر چوہدری قاسم مجید اور فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے وزیرسردار عامر الطاف بھی تھے۔دونوں رہنمائوں نے علم پر مبنی معیشت کو فروغ دینے اور 21ویں صدی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے ہنر مند پیشہ ور افراد کی تیاری کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لئے ایچ ای سی کی کارکردگی کو تسلیم کیا اور آزاد جموں و کشمیر کے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو تبدیل کرنے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لئے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کی حمایت کا یقین دلایا۔ چیئرمین ایچ ای سی نے آزاد جموں و کشمیر کے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی حمایت کے لئے ایچ ای سی کے عزم کا اعادہ کیا اور اعلیٰ تعلیم کے معیار کو فروغ دینے کے لئے مختلف پروگراموں اور پالیسیوں کے نفاذ میں مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔