اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی یورپ کے لئے پروازیں بحا ہوگئی ہیں، پی ٹی آئی دور میں پی آئی اے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا،اسلام آباد میں ناکام احتجاج کے بعد پی ٹی آئی نے من گھڑت پراپیگنڈے کا سہارا لیا، جب کرم میں لاشیں پڑی تھیں تو علی امین گنڈاپور وفاق پر لشکرکشی میں مصروف تھے۔پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم کو مبارک ہو کہ پی آئی اے کی یورپ کے لئے فلائٹس بحال ہوئی ہیں، پی ٹی آئی دور میں اسی ایوان میں ان کے وزیر غلام سرور خان نے پی آئی اے پر بات کی تو پوری دنیا میں نیشنل کیریئر پر سوالات اٹھے، پی آئی اے کی فلائٹس پر پابندی لگی ، اللہ کا فضل ہے کہ موجودہ دور میں پی آئی اے کی فلائٹس بحال ہوئی ہیں۔انہوں نے جو جرم کیا تھا موجودہ دور میں اس کا ازالہ ہوا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہیں پی آئی اے پر بات کرنے سے پہلے سوچنا چاہئے کہ ان کے دور میں کیا معاملات ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرم کے معاملے پر علی امین گنڈاپور سے رابطہ کرلیں، امن و امان کی ذمہ داری صوبائی سبجیکٹ ہے، امن و امان کیلئے ہم حاضر ہیں، مگر جب کرم میں لاشیں پڑی تھیں تو یہ اسلام آباد پر لشکر کشی کر رہے تھے، کاش اس وقت انہوں نے کرم کا دورہ کیا ہوتا، وہاں امن و امان پر توجہ دی ہوتی تو آج یہاں احتجاج کرنے کی نوبت نہ آتی۔وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ بار بار لاشوں کا ذکر کر رہے ہیں، ایک نمبر بتا دیں، انہیں خود نہیں پتہ کہ کتنی لاشیں ہیں، جب اصل تعداد معلوم نہیں ہوتی تو جھوٹ پھیلایا جا رہا ہوتا ہے۔ ان کے دس رہنما دس مختلف اعداد و شمار پیش کر رہے ہیں، انہوں نے راہ فرار اختیار کی، اس سے بچنے کے لئے بار بار جھوٹا بیانیہ بنا رہے ہیں۔