کراچی (نمائندہ خصوصی) عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب اور سوشل میڈیا ٹیم کے آرگنائزر انجینئر جنید نے جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سرپرست مولانا عبدالکریم عابد سے صوبائی سیکریٹریٹ میں ملاقات کے موقع پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے جاری آن لائن پٹیشن کی حمایت اور دستخطی مہم میں تعاون کی درخواست کی،اس موقع پر جے یو آئی ملیر کے ترجمان شیرو بنگش ، ایم ایس ایف کے صدر ایاز بنگش اور عافیہ موومنٹ کے سینئر رضاکار امام حسین ہمدم بھی موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالکریم عابد نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے جدوجہد کرنا دینی اور قومی فریضہ ہے۔ جے یو آئی اس سلسلے میں مکمل تعاون کرے گی اور ہم اپنے کارکنوں کو آن لائن پٹیشن میں دلچسپی کے ساتھ حصہ لینے کی ہدایت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ میری تمام پاکستانی شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے آن لائن پٹیشن میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے کر پاکستانی اور امریکی حکمرانوں تک یہ پیغام پہنچائیں کہ پوری قوم ڈاکٹر عافیہ کی جلد سے جلد رہائی چاہتے ہیں۔عافیہ موومنٹ ، پاکستان کے ترجمان محمد ایوب نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے آن لائن پٹیشن کی مکمل حمایت کرنے پر مولانا عبدالکریم عابد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے اس مہم میں جے یو آئی کے کارکنوں کی شمولیت سے مطلوبہ ہدف جلد حاصل ہو جائے گا ۔