لاہور( نمائندہ خصوصی) سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ٹمبر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کی سخت ہدایت کی ہے کیونکہ درختوں کی غیرقانونی کٹائی بھی سموگ کاباعث بنتی ہے۔درخت کاٹنے اور نایاب لکڑی کی خریدو فروخت کے خلاف محکمہ فارسٹ نے چولستان رینج مینجمنٹ ڈویژن میں گرینڈ اپریشن کیا ہے۔ محکمہ جنگلات نے مختلف جگہوں پر چھاپے مارے اور ناکہ لگا کر چوری شدہ لکڑی سے لدا ٹرالر تحویل میں لے لیا۔ٹرالر اور پکڑی گئی لکڑی کو فارسٹ ایکٹ 1927 کے تحت ضبط کر کے کارروائی کااغاز کردیاگیاہے اورملزمان کو مبلغ 51 لاکھ 48 ہزار روپے (Rs.5148000) جرمانہ عائد کیا۔ فرائض میں غفلت برتنے پر ڈویژنل فارسٹ افیسر چولستان سمیت متعلقہ فیلڈ عملہ معطل کردیا۔معطل ہونے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت محکمانہ تادیبی کارروائی کا اغازکیاگیاجبکہ اس واقعے کی تحقیق کے لیے اعلی سطحی محکمانہ کمیٹی کاقائم کردی گئی، کمیٹی سات روز کے اندر حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کرے گی۔سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ”یہ کمیٹی کسی بھی قسم کے دباؤ سے آزاد ہو کر شفاف تحقیقات کرے گی اور ذمہ داران کو سخت سزا دی جائے گی۔”حکومت کی جانب سے کیے گئے حالیہ اقدامات سموگ کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ درختوں کی غیرقانونی کٹائی نہ صرف سموگ بلکہ زمین کے کٹاؤ، موسمیاتی تبدیلی، اور پانی کی کمی کا بھی سبب بنتی ہے۔ شجرکاری کے ساتھ ساتھ درختوں کی حفاظت کے لیے جدید ٹیکنالوجی جیسے ڈرون سرویلنس اور جی آئی ایس میپنگ کا استعمال کیاجارہا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ”ہم سب کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ایک درخت کاٹنے کا مطلب ہے کئی زندگیاں خطرے میں ڈالنا۔ درختوں کی غیرقانونی کٹائی کے خاتمے، سموگ پر قابو پانے، اور ایک سرسبز پاکستان کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔یہ اقدامات نہ صرف ماحول کو بہتر بنائیں گے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ مستقبل کی ضمانت ہوں گے۔