کراچی (نمائندہ خصوصی)کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری 19ویں عالمی کتب میلے کے چوتھے دن شہریوں کا سمندر امڈ آیا ایک محتاط اندازے کے مطابق اب تک ساڑھے چار لاکھ سے زاید شائقین کتب بک فیئر کا دور کر چکے ہیں ۔ آج بروز پیر عالمی کتب میلے کا آخری روز ہے۔ تمام پبلشرز اور بک سیلر ز نے کامیاب نمائش کی خصوصی میں سے کتابوں اور بچوں کی ہم نصابی سرگرمیوں کے آلات پر 50سے 70فیصد رعایت دینے کااعلان کیا ہے ۔ اتوار کووفاقی وزیر تعلیم و فنی تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،ٹی وی کے اداکار ایاز خان اور دیگر افراد نے نمائش کا دور ہ کیا۔ عالمی کتب میلے میں شریک ہونے والے شائقین کتب کا کہنا تھا کہ یہ کتب میلہ کراچی کی پہچان بن چکا ہے اس کا سلسلہ روکنا نہیں چاہیے اور ہر سال دو بار عالمی کتب میلے کراچی میں ہونا چاہیے۔ فیصل آباد سے آئے عمر کا کہنا تھا کہ میں صرف کتب لینے کے لیے کراچی آیا ہوں اور پورے سال اس کتب میلے کا انتظا ر کیا آج مجھے میری مطلوبہ کتابیں ملی ہیں۔ عالمی کتب میلے کے اتوار کے روز بھی مذہبی، سیاسی، اداکار، ادبی، سماجی اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت بچوں، نوجوانوں، خواتین اور ضعیف شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔