استنبول(نمائندہ خصوصی):پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پی ٹی وی اور ترکیہ کے سرکاری ٹی وی چینل ”ٹی آر ٹی“ کی مشترکہ نشریات سمیت ارطغرل غازی جیسے ترکش ڈرامے پاکستان میں دکھانے، وزارت اطلاعات اور ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے درمیان ورکنگ گروپ کی تشکیل اور دونوں اطراف سے فوکل پرسن نامزد کرنے پر اتفاق ہوگیا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ جو ان دنوں ترکیہ کے سرکاری دورہ پر ہیں، نے ترکیہ کے صدارتی ہیڈ آف کمیونیکیشنز پروفیسر فحرتین التون سے ملاقات کی۔ ملاقات میں میڈیا کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے، عوامی سفارت کاری کو فروغ دینے، اسلاموفوبیا اور مس انفارمیشن کے خاتمے، میڈیا وفود کے تبادلوں اور مشترکہ پروڈکشنز کی تیاری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، میڈیا تعاون سے عوامی سطح پر روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ملاقات میں تفریح اور سیاحت کے شعبے میں تعاون اور مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ پروڈکشنز کی تیاری سے دونوں ممالک کی ثقافتوں کا آپس میں تبادلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل کو پاکستان اور ترکیہ کے مابین تاریخی تعلقات سے آگاہی فراہم کرنا ہوگی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے پروفیسر فحرتین التون کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ پروفیسر فحرتین التون نے پاکستان میں میڈیا کی ترقی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ ترک ڈرامہ ارطغرل غازی نے پاکستان میں بہت مقبولیت حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں اور موسیقاروں کو ترکیہ میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں م میڈیا تعاون سے اسلامو فوبیا اور مس انفارمیشن کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے ترک میڈیا پر کشمیر کے حوالے سے کوریج پر پروفیسر فحرتین التون کا شکریہ ادا کیا۔