اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مختلف آپریشنز کے دوران 43 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہر وقت سرگرم عمل ہیں۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت نے فتنہ الخوارج اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر فورسز کی بہادری کو سراہا۔صدر مملکت نے کہا کہ مختلف آپریشنز کے دوران بڑے پیمانے پر دہشت گردوں كا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے، پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے کردار کی معترف ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف مزید کامیابیاں حاصل کریں گی۔