اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 9 دسمبر 2024 سے اب تک بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہر
قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہے۔ جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابقوزیر اعظم نے ضلع پنجگور، موسیٰ خیل، لکی مروت اور دیگر علاقوں میں مختلف آپریشنز کے دوران 43 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہے۔