اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔سینٹر کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق عالمی انسانی امداد کے عزم کے تحت کنگ سلمان ریلیف سینٹر دسمبر 2024 سے نومبر 2025 تک پاکستان بھر میں(14000 ٹن) 1,47,500 فوڈ پیکجز تقسیم کرے گا۔ اس اقدام سے تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر ایک ملین سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔یہ اہم منصوبہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی حکومتی حکام کی مدد اور تعاون سے عمل میں لایا جا رہا ہے۔اس کا مقصد فوڈ سیکیورٹی کے مسائل پر قابو پانا اور کمزور خاندانوں کی غذائی قلت کے خاتمے میں مدد فراہم کرنا ہے۔یہ تقسیم مقامی حکومتی حکام کی مدد سے مستحقین کی نشاندہی کرتے ہوئے شفافیت کویقینی بنائے گی، تاکہ امداد ان لوگوں تک پہنچے جنہیں سب سے زیادہ ضرورت ہے۔یہ اقدام پاکستان اور اس کے عوام کی حمایت کے لیے سعودی عرب کے پختہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے وسیع مشن کا حصہ ہے، جو قدرتی آفات، فوڈ سیکیورٹی کے مسائل اور دیگر چیلنجز سے متاثرہ کمیونٹیز کو زندگی بچانے والی امداد فراہم کرنے کے لیے وقف ہےخواہ ان کا تعلق کسی بھی قومیت یا مذہب سے ہو۔کنگ سلمان ریلیف سینٹر اہم غذائی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے، پاکستان کی سب سے کمزور کمیونٹیز کے استحکام کو فروغ دینے اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور عالمی انسانی امداد میں اپنی قیادت کے کردار کی توثیق کرتا ہے۔اس فوڈ پیكج میں تمام تر ضروری اشیاء خوردونوش شامل ہیں ۔ ایك فوڈ پیك 95 كلوگرام پر مشتمل ہے جس میں 80 كلو فائن آٹا ،5كلو دال چنا ، 5لیٹر كوكنگ آئل اور 5كلو چینی شامل ہے ۔ یہ پیکج ایک خاندان کی مہینے بھر کی ضرورت کو مد نظر رکھ کر ڈیزائن کیے گئے ہیں۔یہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی نگرانی اور مقامی حکومت کے تعاون سے تقسیم کیے جائیں گے۔یہ پروجیکٹ مملکت سعودی عرب کے انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے تحت پاکستان میں کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی زیر نگرانی ضرورت مند افراد میں شفاف طریقے سے مقامی حکومت کے تعاون سے تقسیم کیے جائیں گے۔