اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بجلی صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں کو مزید کم کرنے اور مستقبل کے بجلی کے پیداواری منصوبوں کے حوالے سے لائحہ عمل پر عملدرآمد کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں کم لاگت بجلی منصوبوں کو ہی ترجیح دی جائے۔وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ملک میں مستقبل کے لیے بجلی کے پیداواری منصوبوں، بجلی کے شعبے اور بالخصوص ترسیلی نظام پر جائزہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے منصوبوں کے لیے مقامی وسائل کو ترجیح دی جائے۔اس موقع پر وزیر اعظم کو ملک بھر میں جاری پن بجلی کے منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پن بجلی کے منصوبے کم لاگت بجلی کے ایسے ذرائع ہیں جن سے صارف کو ماحول دوست اور سستی بجلی فراہم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی موجودہ استعداد کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے ،دنیا بھر میں ماحول دوست کم لاگت شمسی توانائی سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس لحاظ سے خوش قسمت ملک ہے کہ جہاں شمسی توانائی کی وسیع استعداد موجود ہے۔ وزیر اعظم کو زیادہ ایندھن سے کم بجلی بنانے والے غیر موثر بجلی گھروں کو ختم کرنے کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ زیادہ ایندھن سے کم بجلی پیدا کرنے والے فرسودہ بجلی گھروں کو فورا بند کیا جائے،ایسے بجلی گھروں کی بندش سے نہ صرف ایندھن کی درآمد پر خرچ ہونے والے قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ صارف کیلئے بجلی کی لاگت بھی کم ہوگی
انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے تمام افسران جو بجلی شعبے کی اصلاحات میں دانستہ طور پر رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے،بجلی کی ترسیل کے نظام میں جاری اصلاحات پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے،بجلی ترسیل کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کیا جائے
وزیر اعظم نے مزید ہدایت کی کہ بجلی کی پیداواری لاگت کے لحاظ سے کم لاگت بجلی کے انتخاب و ترسیل کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے نظام کے نفاذ پر جلد عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔قبل ازیں اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو ملک میں مستقبل کے لیے بجلی کے پیداواری منصوبوں، بجلی شعبے بالخصوص ترسیلی نظام کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔ اس دوران بجلی کے نئے مجوزہ منصوبوں، جاری منصوبوں کی تعمیر پر پیش رفت اور ملک میں بجلی کے شعبے کی جاری اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ مزید برآں اجلاس کو بجلی کی موجودہ طلب اور استعداد سمیت درآمدی ایندھن سے چلنے والے بجلی گھروں کی تحلیل اور ترسیلی نظام کی اصلاحات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کے شعبے کی اصلاحات کیلئے تمام تر اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، سردار اویس احمد خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔