کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی: ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے پاکستانی قوم سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی امریکہ کی ایف ایم سی کارسویل جیل سے رہائی کے لیے کوششیں کی جائیں۔سینیٹر طلحہ محمود نے جیل میں ڈاکٹر عافیہ سے تین گھنٹے تک ملاقات کی ہے۔ انہوں نے عافیہ موومنٹ میڈیا سیل کو ویڈیو پیغام کے ذریعے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے دوران ڈاکٹر عافیہ نے اپنے بچوں، والدین اور بہن کو یاد کیا۔ ڈاکٹر عافیہ نے کہا کہ انہیں جیل سے رہا کیا جائے ،وہ 16 سال سے جیل میں ہیںجبکہ امریکہ میں بھی اقدام قتل کی سزا 10 سال ہے۔سینیٹر طلحہ نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے امریکہ میں وفد کی کئی اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کمیونٹی بالخصوص اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ) ICNA ( ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے معاملے میں مکمل طور پر تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سبکدوش ہونے والے امریکی صدر جو بائیڈن اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے سے قبل ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بقایہ سزا معاف کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی سے امریکہ کے عالمی امیج پر مثبت اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تقریباً 2 ارب مسلمان عافیہ کی رہائی کو ایک مثبت اشارے کے طور پر لیں گے۔ ڈاکٹر عافیہ پاکستان میں بہت مقبول ہیں اور پاکستانی سمجھتے ہیں کہ انہیں غیر قانونی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ کی رہائی سے پاک امریکہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔