اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائےصحت ڈاکٹرمختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، ہر شخص تک صحت کی سہولیات کی رسائی ہمارا ایجنڈا اور مشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے پاکستان کے لئے یو ایچ سی کے تازہ ترین نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر یونیورسل ہیلتھ کوریج سروس 2015 میں 40 کے سکور پر تھا 2023 میں 53.9 تک بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایچ سی کوریج انڈیکس کا اعلان برطانوی حکومت کی تکنیکی معاونت سے کیا گیا ہے۔ 2015 کے بعد سے قابل ستائش اضافہ ہوا ہے ۔ اسلام آباد 63.9 پر تمام صوبوں اور علاقوں میں سب سے زیادہ اسکور کیا ہے ۔پنجاب 55.5 کے اسکور کے ساتھ اس کے بعد، خیبر پختونخوا 51 سندھ 50.7 اور بلوچستان 38.4 ہے ۔مجموعی طور پر، پاکستان کے 45 اضلاع کایو ایچ سی سروس کوریج انڈیکس سکور 40 سے کم ہے ۔ 57 اضلاع کا سکور 50 اور59 کے درمیان ہے ۔ملک کے صرف 11 اضلاع نے یو ایچ سی سروس کوریج انڈیکس سکور 60 یا اس سے زیادہ حاصل کیا ہے ۔ سالانہ 1.34 کروڑ پاکستانی مہنگے طبی اخراجات کے باعث غربت کا شکار ہو سکتے ہیں ۔سکور 2030 تک پائیدار ترقی کے ہدف کو حاصل کرنے کے پاکستانی عزم کی طرف بڑی پیش رفت ہے ۔ضلع جہلم تولیدی، زچگی، نوزائیدہ اور بچے کی صحت کے زمرے میں 78.4 کے مجموعی اسکور کے ساتھ سرفہرست ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص تک صحت کی سہولیات کی رسائی ہمارا ایجنڈا اور مشن ہے ۔حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج یقینی بنانےکے لئے پر عزم ہے۔ پاکستان کی یونیورسل ہیلتھ کوریج کو آگے بڑھانے میں نمایاں پیش رفت پر فخر ہے۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج میں سرمایہ کاری ایک منصفانہ معاشرے کی تشکیل کے لیے بڑا قدم ہے ۔جہاں ہر شہری کو معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبےمیں تعاون پر گورنمنٹ آف برطانیہ اور کا برٹش ہائی کمیشن کی شکر گزار ہے ۔یاد رہے یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے ہر سال 12 دسمبر کو منایا جاتا ہے ۔