اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے یونیورسل ہیلتھ کوریج کیلئے عالمی اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی طرف سے ان اقدامات کا بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے 2024 پر اپنے پیغا م میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم کسی شہری کی سماجی و اقتصادی حیثیت سے قطع نظر، سب کے لیے صحت کی دیکھ بھال کو قابل رسائی بنانے کو اخلاقی طور پر اپنا فرض سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صحت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہماری قومی سلامتی، خوشحالی اور ترقی پر سمجھوتہ ہوگا ، یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس سے انحراف نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعظم نے کہاکہ رواں برس یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے کا تھیم ’’صحت: حکومت کی ذمہ داری ‘‘ہے، اس امر کو یقینی بناناکہ کسی فرد کو اپنی صحت کی دیکھ بھال اور بنیادی ضروریات جیسے کہ خوراک، رہائش یا تعلیم میں سے کسی ایک کا انتخاب نہ کرنا پڑے، حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس ہدف کے حصول کیلئے ہماری حکومت نے صحت سہولت پروگرام جیسے اقدامات متعارف کرائے ہیں، جس کی سربراہی وزارت قومی صحت ’’صحت سب کے لیے‘‘کے عنوان سے کر رہی ہے۔یہ پروگرام جس کو بین الاقوامی سطح پرڈبلیو ایچ او جیسی تنظیموں کی جانب سے پزیرائی مل رہی ہے، معاشرے کے سب سے زیادہ کمزور طبقات کو ترجیح دیتے ہوئے لاکھوں خاندانوں کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کررہی ہےاور دیہی اور دور دراز علاقوں میں خصوصی طور پر انتہائی ضروری و زندگی بچانے والی ادویات تک رسائی کو یقینی بنارہی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف میں وضع کردہ صحت سے متعلق اہداف کے حصول کے لئے پر عزم ہے۔ ہم اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے ساتھ ایسے فریم ورک تیار اور مضبوط کرنے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے جو صحت کو بطور بنیادی انسانی حق ترجیح دیتے ہیں۔