اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)زیراعظم محمد شہباز شریف نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی )کی حالیہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے لئے ایک مثبت پیغام اور اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے ایک امید افزاء اور قابل اعتماد منزل ہےجمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے، ملک میں کاروبار کرنے کے لئے ماحول میں بہتری آئی اور پاکستان کے بارے میں عالمی سوچ منفی 10 فیصد سے نکل کر 31 فیصد مثبت پر آگئی ہے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھے ہیں ؛ پاکستان کے مینوفیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ 2 فیصد سے 6 فیصد پر آگئی ہے جبکہ سروسز سیکٹر کی گروتھ 7 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد ہو گئی ہے جو کہ ایک نمایاں کامیابی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیمنٹ ، آٹو سیکٹر، فرٹیلائزرز اور پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نے رپورٹ کے نتائج کو عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے لئے ایک مثبت پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے ایک امید افزاء اور قابل اعتماد منزل ہےوزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور برآمدات اور ریکارڈ ترسیلات زر کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ۔وزیراعظم نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں اور معاشی ٹیم کی محنت کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں ۔